بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کاریکوزیشن واپس لینے سے انکار

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے،ہم چاہتے ہیں کہ صوبے میں غور و فکر کیا جائے اور اراکین سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حوالے سے رائے اور تجاویز لی جائیں، یہ بات بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکند ر خان ایڈوکیٹ نے این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چیمبر میں مشترکہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن واپس لینے کے مشورے پر غور کیاگیا انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے طور پر عوام کو کورونا وائرس سے آگاہی دیں گی، ہم لوگوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کورونا وائرس سے متعلق ہی ہے، ہم چاہتے ہیں اراکین اسمبلی اس بیماری پر اپنی رائے دیں اورروک تھام کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے تاکہ صوبے اور ملک کو اس بیماری سے نجات مل سکے ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ اسمبلی اجلاس بلانے میں کوئی قباحت نہیں ہے ویسے بھی اجلاس ہوتے رہتے ہیں اسمبلی کے اندر اور باہر لوگ ایک دوسرے سے فاصلے پر ہی ہوتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کی صورتحال پر غور و فکر کیا جائے اور اراکین اپنی تجاویز دیکر اس موذی مرض کے تدارک میں حصہ ڈالیں، انہون نے کہا کہ اپوزیشن نے ریکوزیشن سوچ سمجھ کر دی تھی ہم اسے واپس نہیں لیں گے، قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ،بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، حاجی میر زابد علی ریکی،عبدالواحد صدیقی مولوی نور اللہ، احمد نواز بلوچ پشتونخواء میپ کے نصراللہ زیرے نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں