ایران پرمعاشی پابندیاں، کشمیر کی صورتحال،پاکستان نے یورپی یونین کو خط لکھ دیا

اسلام آباد:عالمی کرورنا وبائی چیلنج کے تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش شدید معاشی مسائل، ایران پر عائد معاشی پابندیوں کے خاتمے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی طرف اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کو خط لکھ دیا جس میں کہاگیا ہے کہ کرونا عالمی وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے، پوری انسانیت کیلئے یہ انتہائی مشکل وقت ہے، عالمی برادری اس عفرت سے نمٹنے میں ہاتھ بٹائے،وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے نتیجے میں درپیش انسانی مسئلہ کے تناظر میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے پر زور دیا ہے، یقین ہے عالمی برادری ایران میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے مطلوبہ انسانی معاونت کے لئے ہنگامی اقدامات کرے گی، 5 اگست2019 کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں اب تک آٹھ ماہ میں بطور خاص بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہے،پوری دنیا کورونا کے بحران سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، کشمیری عوام کی حالت زار بدستور وہی ہے جو بہتری کی متقاضی ہے۔ یورپی یونین کو لکھے گئے خط میں کہاگیاکہ ہم سب آگاہ ہیں کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے دنیا کا تقریبا ہر ملک متاثر ہے، پوری انسانیت کے لئے یہ انتہائی مشکل وقت ہے لہذا یہ انتہائی اہم ہے کہ عالمی برادری اس عفریت سے نمٹنے میں ہاتھ بٹائے۔ خط میں کہاگیاکہ کورونا انسانیت کے لئے ایک بحران ہے اور اس کے اثرات خاص طورپر ترقی پزیر ممالک کے لئے تباہ کن ہیں کیونکہ انہیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور ان میں نادار طبقات موجود ہیں۔ معاشرے کے سب سے زیادہ شکار ہونے والے یہ طبقات کورونا سے سب سے زیادہ نشانہ بننے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے تمام ممالک اس عالمی وباء سے نبرد آزما ہونے کے لئے پوری کوششیں کررہے ہیں،دو ایسے معاملات ہیں جن کی طرف میں آپ کی توجہ بطور خاص مبذول کرانا چاہتاہوں،اول معاملہ ایران سے متعلق ہے جو اس وقت عائد پابندیوں کی بناء پر کورونا کی وباء پر موثر انداز میں قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوپارہا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے نتیجے میں درپیش انسانی مسئلہ کے تناظر میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے پر زور دیا ہے، بلاشبہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ عالمی برادری ایران میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے مطلوبہ انسانی معاونت کے لئے ہنگامی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ دوسرا معاملہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی اتحاد اوربھائی چارے اور کمزور طبقات کو بچانے کے لئے توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیاہے۔ اپنے حصے کے طورپر وزیراعظم عمران خان نے ترقی پزیر ممالک پر سے قرض کا بوجھ کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک اپنے وسائل انسانی جانیں بچانے اور معاشی بدحالی کی بہتری کے لئے بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ تیسری بات یہ ہے کہ 5 اگست2019 کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں اب تک آٹھ ماہ میں بطور خاص بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے واقعات نے اس عجلت میں مزید اضافہ کردیا ہے کہ عائد قدغنیں فوری ختم کی جائیں تاکہ طبی اور دیگر ضروری سپلائیز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے،پوری دنیا کورونا کے بحران سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے جبکہ کشمیری عوام کی حالت زار بدستور وہی ہے جو بہتری کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اہم معاملات ہیں جن پر عالمی برادری کے گہرے تدبر اور ضروری اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ ہماری مخلصانہ امید ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ان امور پر سنجیدہ غور ہوگا جن کی 23 مارچ 2020 کو وڈیو کانفرنس ہونے جارہی ہے،جی سیون وزارتی اجلاس بھی ایک اہم موقع ہوگا جس میں عالمی برادری کی جانب سے ان چیلنجوں پر ردعمل سامنے آئے گا۔ میری دردمندانہ معروضات انسانیت کو درپیش ان فوری سنگین مسائل کا حل تلاش کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوں گی اور اس ضمن میں اقدامات کثیر القومیتی کوششوں کی اہمیت پر اعتماد کی بحالی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میری جانب سے نیک تمناوں کو قبول فرمائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں