کیسکو بجلی کی فراہمی کا پرانا شیڈول بحال کرے، سردار یعقوب ناصر

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چئیرمن سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے دکی،لورالائی،موسی خیل،زیارت،ہرنائی اور سنجاوی میں بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو عوام کے جذبات سے کھیلنے اور زمینداروں کے زخموں پر نمک پاشی کی بجائے بجلی کا پرانا شیڈول بحال کریں،کیسکو کا دکی میں 24گھنٹے میں شہریوں کو صرف 3 گھنٹے بجلی کی فراہمی اور بھاری بلوں کی وصولی سے شہریوں میں شدید اشتعال اور غم و غصہ پایا جاتا ہے،کیسکو چیف صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لیکر بجلی کی فراہمی کا پرانا شیڈول بحال کریں، دکی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ ایک طرف عوام کروانا وائرس کے وبا کے پیش نظر پریشان اور مشکل میں ہے تو دوسری طرف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے کیسکو شہریوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے جوکہ کسی بھی طور پر مناسب نہیں،انھوں نے کہا کہ سینیٹ کے آنے والے اجلاس میں بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور عوامی مشکلات پر آواز بلند کرونگا اور مشکل کی گھڑی میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چئیرمن سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کا فائدہ عوام کا ملنا چاہیے اس لیے وفاقی حکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں کیونکہ کروانا وائرس کی وجہ سے تاجر برادری اور عوام مشکلات میں مبتلا ہیں بالخصوص مزدوروں کے گھروں کے چولہے بج گئے ہیں اور غریب شہری نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں اس لیے حکومت عوام کے بجلی اور گیس کے بلز معاف کرنے کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں