حکومت کرونا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، احمد نواز بلوچ
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے ایک بار پھر صوبائی حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کورونا وائرس کی روک تھام کے عالمی پروٹوکول کو روندتے ہوئے ازخود دعوت دیکر اس عالمی وباء کو بلوچستان مدعو کرنے والی حکومت کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی عوام کو اپنا خیال خود رکھنا ہوگا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے وقتی سماجی دوری کورونا وائرس کی اس چین کو توڑ سکتی ہے انسانی زندگی ہے تو یہ سماجی رابطے بھی قائم ہیں اس لئے دوامی صحت مندانہ ماحول کے لیے عوام سماجی میل جول کو محدود کرکے کورونا وائرس کو شکست دیں بی این پی کوئٹہ کے ضلعی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ وسیع تر معاشرتی مفاد عامہ میں عوام احتیاط برتیں کیونکہ حکومت تو عام حالات میں عوام کے مسائل سے چشم پوشی کر رہی تھی کورونا سے نمٹنا اس کے بس کی بات نہیں انہوں نے کہا گوکہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہوکر پوائنٹ اسکورنگ کرنے کا نہیں لیکن حقائق سے چشم پوشی بھی مجرمانہ خاموشی تصور ہوگی کورونا وائرس کی ممکنا تباہ کاریوں سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کے پیشگی انتباہ کے باوجود حکومتی ارکان خواب خرگوش کے مزے لوٹتے رہے وقت نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے تحفظات وخدشات درست تھے جو بلوچستان اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہیں میر احمد نواز بلوچ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا عندیہ دے رہی ہے اب مزید کسی کوتاہی کی قطعی گنجائش نہیں مزید نالائقی و عدم توجہی بادل نخواستہ کسی بڑے سانحے اور المیے کو جنم دے سکتی ہے،