رائے ونڈ، تبلیغی مرکز ہنگامی بنیادوں پر 14روز کیلئے بند

رائے ونڈ:حکومت پنجاب کے کورونا وائرس سے حفاظتی انتظامات کے باعث تبلیغی مرکز کو بھی ہنگامی بنیادوں پر 14روز کیلئے بند کردیا گیا ہے،تبلیغی جماعت کے ترجمان مولانا کلیم اللہ جمیل کے مطابق انتظامیہ نے تبلیغی مرکز میں مقیم آٹھ آٹھ کارکنوں کی چھوٹی چھوٹی جماعتوں کی شکل میں تشکیل کرکے پنجاب کے مختلف مجوزہ علاقوں میں بھیجنا شروع کر دیا ہے،اور ان کو آئندہ لاک ڈاؤن کھلنے تک اپنے گھروں میں رہنے کی ہدائت کی گئی ہے،جبکہ آج رات گئے تک تمام مرکز مکمل طور پر خالی کر دیا جائے گا۔اس وقت تبلیغی جماعت کی انتظامیہ،سکیورٹی اور پہرہ کے چند افراد اور بیرون ممالک جانے والی جماعتوں کے کارکنوں کو الگ الگ کمروں میں ماسک لگاکر بٹھادیا گیا ہے،جو کہ آئندہ دنوں اپنی فلائٹوں کے شیڈول کے ذریعے بیرون ممالک پہنچنا شروع ہوجائیں گے،تبلیغی جماعت کی انتظامیہ کے مطابق وہ انسانیت کی خاطر حکومت کا فیصلہ ماننے پر تیارہوئے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار تبلیغی مرکز کو بند کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے فوری بعد اجتماعی دعا کروائی گئی جس کے بعد تبلیغی جماعت کے تمام کارکنوں کو مواصلاتی نظام کے ذریعے مطلع کردیا گیا ہے کہ وہ تبلیغی مرکز نہ آئیں بلکہ آنے والی جماعتوں کو بھی فوراً واپس بھیجا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ڈاکٹرز کئی دنوں سے مصروف عمل رہے،اور کارکنوں کی مفت تشخیص ہوتی رہی،خوش قسمتی سے کوئی بھی رپورٹ پازیٹو نہیں آئی،انہوں نے کہا کہ تبلیغی مرکز میں ہر قسم کی نقل و حرکت ہر خاص و عام کیلئے قطعی بند کردی گئی ہے۔اس سلسلہ میں اے ایس پی رائے ونڈ رضاتنویر نے بھی صورتحال کا فوری جائزہ لیا،وہ تبلیغی جماعت کے کارکنوں کو بس اڈوں پر بھیجنے اور ان کی واپسی کے عمل کو بھی خودچیک کرتے رہے، مقامی پولیس نے علاقہ میں فلیگ مارچ بھی کیا اورتمام تر صورتحال تسلی بخش قراردیا

اپنا تبصرہ بھیجیں