عطیات دینے والے افراد کے مشکور ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے رقم عطیہ کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مخیر حضرات کی جانب سے دی گئی بڑی رقم کی امداد کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مخیر حضرات نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بڑی رقم عطیہ کی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے دیگر مخیر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عطیات سندھ حکومت کے قائم کردہ فنڈز میں جمع کرائیں تاکہ کوورنا وائرس کے خلاف بہتر انداز میں کام کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز مخیر حضرات سے سرکاری فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی تھی جس کے لیے سندھ بینک میں ایک اکاؤنٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی تقسیم اور دیگر مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے۔