سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی دنیا سے جنگ بندی کی اپیل
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا سے جنگ بندی کی اپیل کر دی ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا تنازعات کو فوری ختم کرے، جنگ سے متاثرہ ممالک میں نظام صحت تباہ ہوچکا ہے۔ دنیا کو کورونا وائرس جیسے چیلنج کا سامنا ہے، جنگ سے متاثرہ ممالک میں بچے اور خواتین متاثر ہورہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک کو کورونا وائرس جیسے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، یہ وقت قومیت، مسلک اور عقیدے کی جنگ کا نہیں وائرس سے لڑنے کا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض کورونا وائرس 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 16 ہزار 553 افراد کی جان لے لی۔عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ورلڈومیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسے شکست سے دوچار کرنے والے افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ 2 ہزار 429 ہو چکی ہے