انشاء اللہ کرونا کو بھی شکست دیں گے،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ملک میں کرونا مریضوں کی تعدادایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ اگر ملکی بارڈرز اور ایئرپورٹس پر سکیننگ کا نظام مربوط ہوتا تو مریضوں کی تعداد اتنی نہ بڑھتی۔ اللہ سے تعلق بڑھانے، صفائی وطہارت اوراحتیاط وقت کی اہم ضرورت ہے۔مخیر حضرات،تاجر برادری مصیبت کی اس گھڑی میں غرباء ومساکین اور دیہاڑی والے مزدوروں کو یادرکھیں انہیں ان کی عزت نفس کا خیال کرتے ہوئے راشن وامداد پہنچائی جائیں۔جماعت اسلامی اپنی برادر تنظیمات کے ساتھ مل کر عوام میں کرونا سے متعلق آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کے خوف میں مبتلا ہونے اور ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔اللہ تعالیٰ سے رجوع،اسلامی تعلیمات پر عمل، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم اس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔غرباء ومساکین کو یاد کرکے ہم سکون واطمینان اور خوشی حاصل کرسکتے ہیں عوام کو کرونا کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ چین نے اپنے عوام کے ساتھ جس انداز میں کرونا پر کنٹرول کیا وہ مثالی تھا۔ بے احتیاطی سے کرونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ دنیا بھر میں ڈیڑھ ماہ کے دوران 3لاکھ مریض کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔جبکہ ایک ارب افراد گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انشاء اللہ کرونا کو بھی شکست دیں گے۔سیاسی جماعتوں،منتخب نمائندوں وفلاحی تنظیموں کو فلاحی کاموں میں بڑھ کر حصہ لینا چاہیے جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن سب کیلئے قابل تقلید ہے۔کروناکے حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں، حکومت اور اپوزیشن ایک صفحہ پرہونا ضروری ہے۔ جب بھی ملک و قوم پر کٹھن وقت آیا، جماعت اسلامی نے سب سے پہلے آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی۔ سیلاب ہو یا زلزلہ، ہمارے لاکھوں کارکنان نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر ذات پات، رنگ و نسل، فرقہ سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے عالمی میڈیا نے ہمیشہ سراہا ہے۔ آج بھی کرونا وائرس کی روک تھام اور عوام میں جماعت اسلامی کے لوگ بلاکسی خوف و خطر موجود ہیں اور قوم کی خدمت کررہے ہیں۔