کورونا ایک چھپا ہوا دشمن ہے، زمرک اچکزئی
کوئٹہ:صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک خطرناک اور مہلک بیماری ہے جو چھپا ہوا دشمن ہے اس کا مقابلہ بندوق اور راکٹ لانچر سے نہیں احتیاطی تدابیر اور حکومت کی جانب سے دئیے گئے ہدایات پر عملدرآمد کرنے سے شکست دے سکتے ہیں عوام قوت مدافعت بڑھانے کیلئے وٹامن سی کا استعمال زیادہ کریں جبکہ ایک دوسرے سے قریب اور ملنے سے اجتناب کریں‘یہ بات انہوں نے اپنی دفتر میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین اور دیگر بھی موجود تھے‘ صوبائی وزیر انجینئر زمرک اچکزئی نے کہاکہ جو بیماری ہم پر مسلط ہو ئی ہے سب سے پہلے بحیثیت مسلمان ہم اللہ کے حضور توبہ کریں اس کے بعد پانچ وقت نماز اور ہر چار گھنٹے کے بعد ہاتھ دھوئیں بعض لوگ اس بیماری کو مذاق سمجھتے ہیں یہ مذاق نہیں چھپا ہوا دشمن ہے جو ہم پر حملہ آور ہو گیا ہے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم نے احتیاط کرنا ہے اور اس کا مقابلہ بندوق اور راکٹ لانچر سے نہیں احتیاطی تدابیر سے کرنا ہے سردست کروناوائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر عوام کے مال وجان کے فوری اور بروقت تحفظ کیلئے کروناوائرس سے ڈرنے کی بجائے ہمیں مل جل کر اس کو ہرانا ہوگا‘ اس ضمن میں اس بیماری پر قابو پانے کا پائیدار حل اپنے روایتی رویوں اور سوچ واپروچ میں جدید انسانی ضرورتوں اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تبدیلی لانی سے مشروط ہے انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس انتہائی اہم اور حساس نوعیت کا مسئلہ ہے اور اسکا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے تاہم کروناوائرس کو مکمّل شکست دینے کیلئے عوام تمام حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں اور حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات میں بھرپور تعاون فراہم کریں انہوں نے کہاکہ تجارتی اور کاروباری مراکز کی بندش کے باعث تمام محنت کش طبقہ اس وقت کئی مشکلات سے دوچار ہے لہٰذا ان کے درپیش مشکلات کو کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے اس لئے یہ بھی ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام مخیرحضرات اور خاصکر مالی استطاعت رکھنے والے افراد مشکل کی اس گھڑی میں اپنے غریب و مجبور بھائیوں کے بھرپور مدد و تعاون فراہم کرنے میں اپنا فریضہ ادا کریں۔
٭٭