بھکر: رہائی پانے والے دو آدم خور بھائی نظر بند
بھکر میں قبروں سے لاشیں نکال کر ان کا گوشت کھانے والے دو بھائیوں کو جیل سے رہائی تو مل گئی تاہم نقص امن کے خدشے پر پولیس نے انہیں دوبارہ نظر بند کر دیا۔پنجاب کے ضلع بھکر میں قبروں سے لاشیں نکال کر ان کا گوشت کھانے والے دو بھائیوں کو بدھ کو جیل سے رہائی تو مل گئی تاہم نقص امن کے خدشے کے پیش نظر ضلعی حکومت کے حکم پر پولیس نے انہیں دوبارہ تین مہینے کے لیے نظر بند کر دیا۔پولیس کے مطابق انہیں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے بھکر ہسپتال لایا گیا لیکن ٹیسٹ کٹس نہ ہونے پر اور ممکنہ عوامی ردعمل کے پیش نظر انہیں دوبارہ نظر بند کر دیا گیا۔پولیس ترجمان بھکر غلام عباس نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ بھکر کے علاقہ کہاوڑ کلاں کے رہائشی عرفان عرف اپھل اور اس کے بھائی عارف عرف پھاما نے 2011 میں کینسر کے مرض سے مرنے والی ایک خاتون کی لاش نکال کر ان کے گوشت سے سالن بنا کر کھایا تو پولیس نے اطلاع ملنے پر انہیں گرفتار کیا تھا۔