خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں آسان اکاؤنٹ کھول سکتی ہیں،سیما کامل
کراچی:ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہاہے کہ خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں، گھر سے ملک چلتا ہے، اب خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں آسان اکاؤنٹ کھول سکتی ہیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نیکہاکہ خواتین 100 روپے میں بھی بینک میں اکاؤنٹ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جاسکتا ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں، کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔سیما کامل نے کہاکہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5 لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جاسکتی ہے، 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہوگا، آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طالبات بھی کھول سکتی ہیں۔سیما کامل نے کہا کہ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18 فیصد اور مردوں کے 51 فیصد ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر کی لون ملتا ہے لیکن خواتین کو علم نہیں، خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ تک لون لے سکتی ہیں۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین کو 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان اسکیم پروگرام میں 25 فیصد خواتین کے لیے کوٹہ رکھا گیا ہے، خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔سیما کامل نے کہا کہ پروگرام کے ذریعہ 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی، جس میں 50 فیصد خواتین ہوں گی، زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے۔سیما کامل نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔


