چین کی کامیابیوں سے سیکھتے ہوئے پاکستان مزید ترقی کرے گا، عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کی کامیابیوں سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے اور چین- پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت چین کے ساتھ تعاون سے پاکستان کی ترقی کو مزیدفروغ دیا جائے گا۔چین کو پاکستان کا آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے حال ہی میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کی اقتصادی بحالی اور سیاسی تعمیر کے شعبوں میں تیزرفتار ترقی سے خوش ہے۔عمران خان نے کہا ان کی حکومت انتہائی غربت کے خاتمے اور انسداد بدعنوانی کے چینی تجربات سے استفادہ کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کوویڈ -19 کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ طبی سامان اور ماہرین بھیجنے اور مفید تجربات کے اشتراک کی صورت میں چین کی امداد، خاص طور پر وبا کے ابتدائی مرحلے میں یہ مدد انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر چین کی جانب سے ہماری مدد نہ ہوتی تو میرے خیال میں ہم اس وبا سے بہتر طور سے نہیں نمٹ سکتے تھے۔سی پیک کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ راہداری فریم ورک کے تحت پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے مابین رابطوں کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہم ٹیکنالوجی زون اور خصوصی معاشی زون کے قیام کی جانب گامزن ہیں جہاں ہمیں چین سے مدد ملنے کی امید ہے یہ توقع بھی ہے کہ خصوصی مراعات اور مزدوری کی سستی لاگت سے ملک میں مزید چینی صنعتیں آئیں گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ زرعی اور صنعتی تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے کوشاں اوراپنی زرعی پیداوار کو بہتر بنانے اور صنعت سازی کے لئے چین کی مدد کا خواہاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی عوام کوغربت سے باہر نکالنے میں مدد ملے گی۔چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو جدید تاریخ کا ایک قابل ذکر اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ منصوبہ ایشیا کو یورپ، افریقہ اور مشرق وسطی سے جوڑ رہا ہے یہ ایک انتہائی دور اندیش قدم ہے۔مستقبل کے حوالے سے وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین کے مابین آہنی بھائیوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے جو دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں