نادرا کی تصدیق کے بعد مستحق افراد کو امداد کی تقسیم ہوگی، جام کمال
کوئٹہ(آسٹاف رپوٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے اور مستحقین تک امداد پہنچانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جو لوگ رہ گئے تھے کے نام دوبارہ شامل کرکے مستحق افراد کو 4ماہ کی رقم یکمشت ادائیگی کو یقینی بنائیں گے،کورونا وائرس پوری دنیا کیلئے ایک چیلنج ہے لیکن اس کیلئے متحد ہوکر ہم اپنے صوبے اور ملک کو اس وباء سے بچایاجاسکتاہے،نادرا کے ذریعے ویریفکیشن کے بعد مستحق افراد میں امداد کی تقسیم ہوگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی سے طویل مذاکرات کے بعد اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نصر اللہ زیرے،ملک نصیراحمد شاہوانی،احمد نوازکاکڑ، عبدالواحد صدیقی،اصغرترین ودیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ مشکلات آتے ہیں لیکن قومیں متحد ہوکر ان کامقابلہ کرتی ہیں آج کورونا وائرس کی جس وباء نے عالمی دنیا سمیت ہمارے خطے کو متاثر کیاہے اس کیلئے ضروری تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر اس مشکل حالات میں اپنے لوگوں کی مدد کیلئے متحد ہوں انہوں نے کہاکہ یہ مسئلہ کسی ایک جماعت،زبان کا نہیں بلکہ پورے بلوچستان اور پاکستان کی ہے،آج بلوچستان کی اپوزیشن کے ساتھ ایک نشست ہوئی جس میں کورونا وائرس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا،انہوں نے کہاکہ یہ ایک ایسی وباء ہے جس کے سامنے دنیا کی طاقت قوتیں،صحت کے حوالے سے مضبوط انفراسٹرکچر رکھنے والے ممالک بلکل بے بس ہوگئے انہوں نے کہاکہ یہ آسان ٹاسک نہیں ہے یہ ایک بہت مشکل وقت ہے لیکن ہم نے لوگوں کو حوصلہ دیناہے کمی بیشی ہرجگہ آتے ہیں لیکن اس کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،مستحق افراد کی مدد کیلئے ایک طریقہ کار وضع کیاگیاہے اور ضلع کی سطح پر انہیں راشن طریقہ کار کے مطابق دی جائیگی،انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے فراخ دلی کامظاہرہ کرتے ہوئے مل کر اس مشکل صورتحال میں اپنے مستحق لوگوں کو امدادی پیکج اور رقوم کی ادائیگی کیلئے پارلیمانی کمیٹی سمیت سب مل کر تمام اضلاع تک شفاف طریقے سے راشن اور رقوم کی تقسیم کیلئے کام کرینگے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلئے ضروری آلات،کٹس اور دیگر کی فراہمی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ ڈاکٹرز کے مطالبات جائز تھے حکومت فوری طورپر ان کے جائز مطالبات کے حل کیلئے اقدامات کریگی کیونکہ اس وقت نوول کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے خلاف ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکس فرنٹ لائن پر اپنا بھرپور کرداراداکررہی ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت چونکہ شیخ زاہد ہستپال میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز موجود ہیں جس پر پہلے وہاں کے ہسپتال کو کٹس فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ او پی ڈیز کے دوران ڈاکٹرز کو کٹس کی ضرورت ہے اور ان کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور بہت جلد او پی ڈیز میں اپنی خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو بھی کٹس ودیگر کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈیٹا کو دیکھ کر نئے سرے سے سروے کرکے ان میں وہ مستحق جو پہلے رہ گئے تھے ان کی بھی شامل کرینگے اور ان کی ویریفکیشن نادرا کے ذریعے کی جائیگی تاکہ کوئی مستحق رہ نہ جائے اور سیاسی جماعتوں کے بغیر صرف حکومت کیلئے چیلنج سے تن تنہا نمٹنا ناممکن ہے،اپوزیشن جماعتوں کے اختلافات اپنی جگہ لیکن کورونا وائرس کے حوالے سے ہم سب ایک پیج پر ہے آج ایک مثبت پیغام پورے ملک کو جائے گاکہ نوول کورونا وائرس کے عالمی وباء کامقابلہ کیلئے حکومت اور اپوزیشن مل کر اپنے لوگوں کے شانہ بشانہ اقدامات کررہی ہیں،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف ملک سکندرایڈووکیٹ نے کہاکہ ہمیں مل کر اس عالمی وباء کے خلاف اپنے لوگوں کی مدد کرنا ہوگی،انہوں نے کہاکہ حکومت ڈاکٹروں کی ضروریات کو پورا کریں کیونکہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر نوول کورونا وائسے نبردآزما ہے۔