اسرائیل پرامن اجتماع کا احترام، تحمل کا مظاہرہ کرے، اقوام متحدہ

نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے پرامن اجتماع کا احترم اور تحمل کا مظاہرہ کرے۔اقوام متحدہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ‘سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں مسلسل کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا’۔ بیان میں کہا گیا کہ انتونیو گوتریس نے ‘شیخ جراح اور سلوان کے علاقوں سے فلسطینی خاندانوں کی ممکنہ بے دخلی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا’۔انہوں نے ‘اسرائیل پر زور دیا کہ وہ انہدام اور بے دخلی کے عمل کو بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی روشنی میں روک دے’۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ ‘اسرائیلی حکام تحمل کا مظاہرہ کریں اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام کریں ‘۔انہوں نے کہا کہ ‘تمام قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرے اور کشیدگی اور اکسانے کے تمام حربوں کے خلاف آواز اٹھائیں ‘۔بیان کے مطابق ‘سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ مقدس مقامات کا تقدس برقرار رکھا جائے اور احترام کیا جائے’۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اپنا عزم دہرایا اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں، بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر تنازع کو حل کریں۔ خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں