ترکی کی چوتھی فلاحی ٹرین ڈیڑھ ہزار ٹن امدادی سامان لے کر افغانستان روانہ
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے ڈائریکٹریٹ آف قدرتی آفات و ہنگامی حالات(AFAD) کی زیر نگرانی غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے جمع کردہ انسانی امداد کا سامان لے جانے والی چوتھی گڈنیس (فلاحی) ٹرین دارالحکومت انقرہ سے ایک تقریب کے بعد افغانستان کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان کی ہدایات کے مطابق دارالحکومت انقرہ کے تاریخی ریلوے اسٹیشن پر ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں افغانستان فلاحی مال گاڑی ریل منصوبے کے تحت 25 غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے جمع کردہ خوراک، لباس اور طبی ساز و سامان اس کی منزل مقصود افغان دارالحکومت کابل کی جانب روانہ کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک نائب وزیر داخلہ اسماعیل چتاقلی کا کہنا تھا کہ چوتھی گڈنیس ٹرین ایک ہزار چار سو اٹہتر (1478) ٹن امدادی سامان افغانستان پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان طویل عرصے سے جنگ، خانہ جنگی، خشک سالی، بھوک اور بدحالی کا سامنا کر رہا ہے۔ افغانستان سے ہمارے دلی روابط ہیں جہاں 35 لاکھ افراد بے گھر ہیں اور تقریباً 25 ملین لوگوں کو بنیادی انسانی امداد کی ضرورت ہے جبکہ تقریباً 13.5 ملین بچے ایسے بھی ہیں جنہیں بنیادی خوراک تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ پریذیڈنسی (اے ایف اے ڈی) کے صدر یونس سیزر کا کہنا تھا کہ ا±ن کا ملک یوکرین، افغانستان اور لبنان جیسے ممالک میں مشکلات کا شکار عوام کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھاتا ہے۔


