لاش کے ہمراہ مظاہرہ کرنیوالوں پر فائرنگ، 2 افراد قتل،1 زخمی، پٹھان مہاجر فسادات کا خدشہ
کراچی (انتخاب نیوز) پیرآباد کے علاقے میں پیر کی علی الصبح ڈاکوئوں کے شبے میں مارے گئے نوجوان کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ سے ضعیف العمر شخص سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، قصبہ کالونی میں شدید کشیدگی پھیل گئی، پٹھان مہاجر فسادات کا خطرہ پیدا ہوگیا، مشتعل مظاہرین کے پتھرائو اور شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد اطراف کے علاقوں میں بھی کشیدگی پھیل گئی، پولیس اور رینجرز کی نفری کو طلب کرلیا گیا۔ واقعات کے مطابق پیر کی علی الصبح پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں یوسی پارک اور امام بارگاہ کے قریب شہریوں نے ڈاکوئوں کے شبے میں شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے 20 سالہ ایک نوجوان کو مار ڈالا جبکہ 18 سالہ اور 21 سالہ دو نوجوانوں کو بھی قریب المرگ کردیا، تینوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں بعد ازاں ہلاک نوجوں کی شناخت بلال ولد خیال جبکہ ایک زخمی کی شناخت نثار ولد رحیم کی حیثیت سے ہوئی جسے تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال شفٹ کیا گیا۔ پیر کی شام ورثاء بلال ولد خیال کی لاش منگھوپیر روڈ پر قصبہ کے قریب سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ مارا جانے والا نوجوان اور زخمی ہونے والے مدرسہ کے طالبعلم تھے جنہیں مار کر سنگین ظلم کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرے میں شریک چند مشتعل افراد نے پتھرائو شروع کردیا جس کے باعث قریب ہی اردو بولنے والوں کی آبادی میں پتھر لگنے سے کچھ لوگ زخمی ہوئے جس کے بعد شرپسند عناصر نے مظاہرین پر اچانک فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں قصبہ موڑ پر اٹک پیٹرول پمپ کے قریب 60 سالہ نامعلوم شخص اور 20 سالہ فیاض ولد افضال جاں بحق جبکہ سینے پر گولی لگنے سے 23 سالہ وقاص ولد افضل شدید زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پتھرائو اور فائرنگ کے بعد شدید بھگدڑ مچ گئی، قصبہ کالونی، پیر آباد، پٹھان کالونی، منگھوپیر، اورنگی ٹائون ، بلوچ کالونی اور قرب و جوار میں شدید کشید گی پھیل گئی، پٹھان مہاجر ممکنہ فسادات کے سدباب کیلئے سپیشل برانچ کے اہلکاروں کی جانب سے بروقت اطلاعات فراہمی کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری کو طلب کرلیا گیا، آخری اطلاعات موصول ہونے تک مذکورہ علاقوں میں حالت سخت کشیدہ تھے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری گشت میں مصروف تھی۔


