بھارت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے ایک ماہ کے لیے ویزوں کا اجرا روکنے کا اعلان

جبکہ پہلے سے جاری کردہ ویزوں کو بھی معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں خارجہ، داخلہ، صحت اور ہوابازی کے وزرا نے شرکت کی-
اس فیصلے پر 13 مارچ سے عمل کیا جائے گا۔ اس کا اطلاق ان بھارتی نژاد افراد پر بھی ہوگا جن کے پاس دوسرے ملکوں کی شہریت ہے لیکن وہ سمندر پار بھارتی کارڈ ہونے کی وجہ سے ویزے کے بغیر بھارت آسکتے ہیں۔ البتہ، یہ پابندی سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور ورک ویزا پر سفر کرنے والوں کے لیے نہیں ہوگی۔
چین، ایران، اٹلی، جنوبی کوریا، فرانس، سپین اور جرمنی سے آنے والوں پر 14 دن قرنطینہ میں رہنے کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی ان بھارتی شہریوں کے لیے بھی ہے جنھوں نے 15 فروری کے بعد ان ملکوں کا دورہ کیا ہوگا۔
حکومت نے بھارت آنے کے خواہش مند تمام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے سوا سفر نہ کریں۔ یہی مشورہ بھارتی شہریوں کو بھی دیا گیا ہے جو بیرون ملک سفر کرنے کے خواہش مند ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں