نادار طلباء کو تعلیم کی فراہمی کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائیگا، حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ:بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نادار طلباء و طالبات کو حصول علم میں معاونت فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی وضح کررہے ہیں اس سلسلے میں ایک خصوصی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سراوان ہاؤس کوئٹہ میں طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ بلوچستان پیس فورم کے پلیٹ فارم سے قلیل مدت میں 30 ہزار سے زائد کتابیں صوبے کی مختلف جامعات، تعلیمی اداروں اور لائبریز کو فراہم کی گئیں ہیں اس دوران ہمیں بیرون ملک موجود لوگوں کی بھی معاونت حاصل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کتاب دوست تحریک کا مقصدصوبے کی موجودہ اور آئندہ نسلوں کو کتاب اور تعلیم کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ ایک باعزت اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں میں علم اور کتاب دوستی کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ کتاب دوست تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنی کتابیں قومی امانت سمجھ کر بلوچستان پیس فورم کے پاس جمع کرائیں تاکہ ان کتابوں کے ذریعے صوبے کی ویران لائبررئیریاں آباد ہوں اور دور دراز علاقوں کہ وہ طلباء وطالبات جن کی رسائی کتابوں تک نہیں انہیں کتابیں میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا پاکستان،خلیج اور دیگر ممالک میں آباد صوبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ میں ہیں تاکہ ایک خصوصی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس فنڈ کے ذریعے صوبے کے نادار طلباء وطالبات کو مالی معاونت فراہم کی جائیگی اور وہ طلباء وطالبات جو یبرون ملک پڑھنا چاہتے ہیں انہیں حصول علم کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے گا،صوبے کے خستہ حال تعلیمی اداروں میں سہولیات اور درسی کتابوں کی فراہمی سمیت طلباء کو کمپیوٹرز،لیب ٹاپ کی فراہمی اور لائبریریز کے قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں