ٹرمپ امریکی سلامتی کیلئے حقیقی خطرہ ہے، اگر وہ جیت گیا تو دیکھیں کیا ہوتا ہے، بائیڈن
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر کے عہدے کے لیے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے الفاظ یاد رکھیں، اگر وہ اس الیکشن میں جیت جاتا ہے تو دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ اگلے صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد دیے گئے پہلے انٹرویو میں جو بائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہے، دیکھو، ہم تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں اور اس میں جمہوریت اہمیت کی حامل ہے۔ پچھلے ہفتے وائٹ ہاو¿س میں ریکارڈ کیے گئے ایک مختصر ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مباحثے میں ناکام رہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ میری صحت کو کسی قسم کے سنگین مسائل لاحق نہیں ہیں۔ صدارتی امیدوار کے عہدے سے دستبرداری کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر سیاست دانوں کو خدشہ تھا کہ ان کی جیت کے امکانات کو نقصان پہنچے گا اور ان کی واحد ترجیح ٹرمپ کو اقتدار میں واپس آنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں میرے متعدد ڈیموکریٹک ساتھیوں کا خیال تھا کہ میں انتخابات کی دوڑ میں انہیں نقصان پہنچانے جا رہا ہوں۔