ہمارے پاس معدنی وسائل کی بہتات، ا سمگلنگ پاکستان کی معیشت کے لیے کینسر جیسا مسئلہ بن چکی ہے، شہبازشریف

ویب ڈیسک : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں ہیں، اور یہ کہ سمگلنگ ملکی معیشت کے لیے کینسر جیسا مسئلہ بن چکی ہے۔سنیچر کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان نے حالیہ جنگ میں انڈیا کی جارحیت کا صرف جواب ہی نہیں دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی۔ سات انتہائی اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’چھ مئی کو انڈیا نے میزائل حملے کیے تو پاکستان نے زمین اور فضاؤں سے منہ توڑ جواب دیا۔ 10 مئی کو جب آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مجھے فون آیا تو وہ پرسکون اور پُراعتماد تھے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔‘وزیراعظم نے کہا کہ ایئرچیف نے انڈین طیارے مار گرا کر پاکستان کی فضائیہ کا پروفیشنل کمال ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ ’انڈیا نے پہلگام واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی۔ انڈیا کو میدان جنگ کے بعد سفارتی محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا ہے۔‘شہباز شریف نے کہا کہ ’انڈیا کو پانی نہیں بند کرنے دیں گے اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے۔ افواج ہماری سالمیت اور خودمختاری کی محافظ ہیں۔‘وزیراعظم نے کہا کہ ’ہماری حکومت نے معاشی میدان میں خاطر خواہ بہتری دکھائی ہے اور بہت بڑے چیلنجز سے نبردآزما رہے۔‘شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجیٹ میں آ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، 90 ہزار پاکستانی دہشت گردی کا شکار ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت پاکستان کی اُڑان بہت اونچی ہے، ہمارے افواج نے دشمن کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہی وقت ہے کہ اس کامیابی کو مزید کامیابیوں کے حصول میں بروئے کار لایا جائے۔‘شہباز شریف نے کہا کہ ’ہمارے پاس معدنی وسائل کی بہتات ہے اور یہی وقت ہے کہ عمل کیا جائے اور فوری کیا جائے۔‘انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ریونیو بڑھا ہے اور جی ڈی پی کے حوالے سے ٹیکس کی شرح بھی بڑھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں