ایران اپنی دفاع میں ناکام ہوچکا ہے غیر مشروط سرینڈر کردے، ٹرمپ
ویب ڈیسک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران اب دفاعی لحاظ سے بالکل بے بس ہو چکا ہے اور مذاکرات کی خواہش بھی تاخیر کا شکار ہو چکی ہے۔ امریکی صدر کا دعویٰ ہے کہ فیصلہ کن لمحہ بہت قریب آ چکا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے دھماکہ خیز بیانات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس وقت مکمل طور پر دفاعی صلاحیت سے محروم ہو چکا ہے اور ممکن ہے کہ اس کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے — یا شاید نہ بھی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صحافی پوچھتے ہیں کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر کب حملہ کررہے ہیں، ہمیں بتادیں کب حملہ کریں گے تاکہ ہم وہاں پہنچ جائیں، شاید ہم یہ کریں اور شاید نہ کریں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران اس وقت شدید دباؤ اور پریشانی میں ہے اور مذاکرات کی خواہش رکھتا ہے، مگر اب بہت دیر ہو چکی ہے۔ ایران بات کرنا چاہتا ہے، مگر میں کہتا ہوں پہلے مجھ سے بات کیوں نہیں کی؟ اب آج اور ایک ہفتہ پہلے کے ایران میں بڑا فرق آ چکا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے، اب ان کے پاس کوئی ایئر ڈیفنس باقی نہیں رہا۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر تنبیہ کی کہ اگر ایران نے غیر مشروط طور پر سرنڈر نہ کیا تو امریکہ اس کی تمام نیوکلیئر تنصیبات کو تباہ کر دے گا۔ ایران کو ہاتھ کھڑے کر کے کہنا ہوگا کہ بہت ہوگیا، میں باز آتا ہوں۔


