مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری تیسرا ہفتہ میں بھی مہنگائی کنٹرول نہ ہو سکی
کراچی:مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری ہے،ستمبر کے تیسرا ہفتہ میں بھی مہنگائی کنٹرول نہ ہو سکی،ٹماٹر، برائلر مرغی،گندم، چینی سمیت دودھ بھی مہنگا ہوگیا،پیاز، لہسن، چائے کی پتی، گرم مصالحہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے،ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں 0.71فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس عرصے میں 26اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،3 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔گزشتہ ہفتے انڈوں کی فی درجن قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ 28 فیصد اضافہ کے ساتھ ٹماٹر 20روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 71روپے سے بڑھ کر 91روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔برائلر مرغی فی کلو 8.50روپے جبکہ ایک ہفتے کے دوران دال ماش اور دال مونگ 2 روپے فی کلو تک مہنگی ہو گئی ہیں۔ اس دوران چینی کی فی کلو قیمت میں حالیہ اضافہ کے بعد94 روپے 72 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔گزشتہ ہفتے کے دوران تازہ دودھ، دہی، خشک دودھ، جلانے کی لکڑی سمیت لہسن، گڑ، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف کیلے 3 روپے 44 پیسے فی درجن، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر 13 روپے اور آلو فی کلو 16 پیسے سستے ہوئے جبکہ اس دوران چاول، نمک، بریڈ سمیت 26اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔


