عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فنڈنگ پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوڑو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دی جائے گی اور اصلاحاتی اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔ عالمی بینک کے مطابق پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جس میں سے 600 ملین ڈالر وفاق اور 100 ملین ڈالر سندھ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ بینک نے کہا ہے کہ منصوبہ میکرو اکنامک استحکام، ٹیکس نظام میں بہتری، شفاف مالی نظم و نسق، اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی پر مرکوز ہے۔ ڈیجیٹل ڈیٹا اور مالیاتی نظام کو مضبوط بنا کر عوامی سروسز کی ڈیلیوری میں بہتری لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق پروگرام آئی ایم ایف کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی سے ہم آہنگ ہے اور سندھ میں صحت و تعلیم کے شعبوں کے لیے وسائل میں اضافہ متوقع ہے۔ اصلاحات سے شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا، جس سے مالیاتی نظم و نسق میں بہتری آئے گی۔ یہ پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔


