حکومت کورونا کی وباء پر قابو پانے میں ناکام ہے،
کوئٹہ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جیسے مہلک مرض کی پیش بندی کیلئے لوگ حکومت کا انتظار کرنے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں بلوچستان حکومت کی عدم سنجیدگی اور عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں ہمسایہ ممالک سے ہزاروں لوگ بغیر کسی تشخیص کے غیر روایتی راستوں سے داخل ہوکر پورے ملک میں پھیل گئے ہیں۔ بدھ کے روز اپنے بیان میں موسیٰ بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کو اپنے لوگوں کی تکالیف کا ادراک ہے پارٹی قیادت اور منتخب اراکین اسمبلی لوگوں میں آگاہی کے فروغ کیلئے مختلف فورمز کو بروئے کارلاکر لوگوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے فقدان کے باعث کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال روز بروز گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے بلوچستان میں غربت اوربھوک وافلاس اوربیروزگاری میں اضافے اور امن وامان کی مخدوش صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ حکومت میں اہلیت اور صلاحیت نہیں کہ وہ موزی وباء پر قابو پاسکے نہ بلوچستان میں صحت کا نظام غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد رکھتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعین کردہ احتیاطی تدابیرکی پابندی کرکے اپنے لوگوں کو ایک بہت بڑی آفت سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد کوشش کریں کہ اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد، غرباء اپنے اطراف ہمسایوں اور غریب رشتہ داروں کی مدد کریں۔