سیکرٹری صحت کوتھپڑ،معاملہ کابینہ تک پہنچ گیا

کوئٹہ:صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی کی جانب سے سیکرٹری صحت کومارے گئے تھپڑ کی گونج وزیراعلی سیکرٹریٹ تک جا پہنچی،وزیراعلی بلوچستان نے اس حوالے سے کابینہ اجلاس میں اس معاملے کو حل کرنے کی ہدایات کر دیں،اجلاس میں صوبائی وزیر یا سیکرٹری صحت میں سے کسی ایک کو قربانی دینا ہو گی تاہم دونوں جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ اپنے مخالف کوسیٹ ا پ سے باہر کیا جائے انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی کی جانب سے سیکرٹری صحت مدثر وحید ملک کو مارے گئے تھپڑ کی گونج ایک روز بعد ہی سنائی دی جارہی ہے اور اب اسکا ذکر وزیراعلی سیکرٹریٹ میں بھی ہونا شروع ہو گیا ذرائع کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میر جام کمال خان نے معاملے کو سلجھانے کے لئے بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں حل کرنے کا فیصلہ کر لیاہے تاہم ذرائع بتاتے ہیں کہ اس اجلاس میں سیکرٹری صحت یا صوبائی وزیر میں سے کسی ایک کو قربانی دینا ہو گی اور وہ سیٹ اپ سے باہر ہو سکتا ہے یہاں یہ امر بھی انتہائی اہم ہے کہ مذکورہ سیکرٹری صحت مدثر وحید ملک بلوچستان میں کام کرنے والے ایک اہم سرکاری افسر کے داماد ہیں جبکہ صوبائی وزیر انجینیئر زمرک خان اچکزئی کا تعلق بھی عوامی نیشنل پارٹی سے ہے جو اس وقت بلوچستان کابینہ کا حصہ بننے والی بلوچستان عوامی پارٹی کی اہم اتحادی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کر لیا جاتا ہے یا پھر اتحادی یا اہم سرکاری افسر کے داماد میں سے کسی ایک کو قربانی کا بکرا بنائے جانے کی تیاری کی گئی ہے ذرائع کے مطابق اس وقت دونوں جانب سے اپنا اپنا اثرورسوخ استعمال کیا جارہا ہے اور مخالف کو موجودہ سیٹ اپ سے باہر کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے تاہم اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے یہ آنے والا وقت بتائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں