دالبندین، امداد کے لیے رجسٹریشن، مستحقین کی لمبی قطاریں لگ گئیں

دالبندین (نامہ نگار)کرونا وائرس سے جاری لاک ڈاون کے سبب مسلسل بارہویں روز بھی چاغی اور دالبندین میں بازاریں بند۔ دیہاڑی دار مزدور اور دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کی زندگی اجیرن جبکہ امداد کے لئے جاری رجسٹریشن میں مستحقین کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔تفصیلات کے مطابق خطرناک اور جان لیوا مرض کرونا وائرس کے سبب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ لاک ڈاون کے سبب مسلسل بارہویں روز بھی بازاریں بند ہونے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بالخصوص دیہاڑی دار مزدور۔درزی۔حجام والے اور دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کو روزی روٹی کے حصول میں مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کے لاک ڈاون سے متاثر ہونے والے مزدوروں اور مستحقین کے لیے لیویز تھانہ دالبندین میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس میں لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں شدید گرمی میں لوگ مصائب سے دوچار ہونے لگے حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر چاغی کی ہدایت پر مزدوروں سمیت مستحقین کی فہرست بنا کر حکام بالا کو بھیج دی جائے گی جنھیں سرکار کی جانب سے راشن اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دی جائے گی مگر سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ متاثرین کی فہرستیں اکثر و بیشتر ترتیب دینے کے بعد حکومتی امداد بہت کم حق داروں کو فراہم کر دی جاتی ہے ہزاروں کی تعداد میں متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کے کسی بھی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں