امریکی سفارت خانے کا سنتھیا رچی کے الزامات پر تبصرہ کرنے سے گریز

اسلام آباد :پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے امریکی شہری، بلاگر اور دستاویزی فلم کی پروڈیوسر سنتھیا ڈی رچی کے الزامات پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی سفارت خانہ تمام امریکی شہریوں کی معاونت کرتا ہے تاہم نجی معلومات کے تحفظ کے باعث کسی ایک مخصوص کیس کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔اسلام آباد میں سفارت خانے کے ترجمان جوئے ویرئش نے وائس آف امریکہ کی طرف سے بھیجے گئے سوالات کے تحریری جوابات میں کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارت خانہ تمام امریکی شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا ہے۔سنتھیا ڈی رچی کے معاملے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نجی معلومات کے تحفظ کی بنا پر کسی ایک شہری کے بارے میں جس کا تعلق امریکی سفارت خانے کے ساتھ نہ ہو، تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔خیال رہے کہ جمعے کی شام ایک ویڈیو میں سنتھیا ڈی رچی نے الزام عائد کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک نے کئی سال قبل انہیں اپنے گھر پر اس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جب وہ وزیر داخلہ تھجے۔ جب کہ انہوں نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین پر ایوانِ صدر میں جسمانی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور رحمٰن ملک سنتھیا رچی کے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔فیس بک پر ویڈیو میں سنتھیا رچی نے کہاتھا کہ اس واقعے سے متعلق انہوں نے امریکی سفارت خانے کو آگاہ کیا تھا لیکن اس وقت پاکستان اور امریکہ کے مابین پیچیدہ تعلقات کی وجہ سے موزوں ردِ عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب اسامہ بن لادن کی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات اچھے نہیں تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں