کابل میں پاکستان مخالف مظاہرہ واشنگٹن میں باغی افغانیوں کا احتجاج
کابل:افغانستان میں ایک خود مختار حکومت کے مطالبے کے سلسلے میں دارالحکومت کابل میں منگل کو مسلسل دوسرے روز عوامی مظاہرہ دیکھا گیا۔ مظاہرین نے پاکستان کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان عناصر نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔70 کے قریب افراد جن میں اکثریت خواتین کی تھی کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر اکٹھا ہو گئے۔ انہوں نے افغان امور میں پاکستان کی مداخلت کے خلاف نعرے بازی کی۔ادھرافغان تحریک طالبان کے ایک رکن نے چند روز قبل خواتین کی ایک احتجاجی ریلی کو پر تشدد طریقے سے روکے جانے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ گمان تھا کہ وہ خواتین کے بھیس میں داعش تنظیم کے عناصر ہیں۔ قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود کی افغانوں سے قومی بغاوت کی اپیل پر واشنگٹن میں مقیم افغان برادری نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ روز احمد مسعود کی اپیل کے چند گھنٹے بعد کابل اور مزار شریف کے متعدد شہری بھی رات کو اپنے گھروں سے نکلے تھے۔کابل سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں انھیں قومی مزاحمتی محاذ زندہ باد کے نعرے لگاتے سنا جا سکتا ہے۔گذشتہ روز احمد مسعود نے اپنے فیس بک پیج پر ایک آڈیو پیغام میں افغان عوام سے کہا تھا کہ وہ پورے افغانستان میں طالبان کے خلاف ملگ گیر قومی بغاوت شروع کریں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ پنجشیر اور اندراب وادیوں میں مزاحمت جاری ہے۔


