ایران نے سعودی عرب کویت کے درمیان گیس معاہدہ غیر قانونی قراردیدیا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور کویت کے مابین گیس معاہدے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوتے ہوئے ایران نے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے خلیج فارس میں درا گیس فیلڈ کی ترقی کے لیے سعودی عرب اور کویت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔ایک تحریری بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید خطیب زادہ نے سعودی عرب اور کویت کے درمیان درا گیس فیلڈ کو فروغ دینے کے معاہدے پر ردِعمل کا اظہار کیا۔معاہدے کے بابت ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس میں گیس فیلڈ کا ایک حصہ ایران اور کویت کے درمیان علاقائی پانیوں کی سرحد پر واقع ہے۔ بین الاقوامی ضابطوں اور طریقہ کار کے مطابق اس علاقے کے آپریشن اور ترقی کے حوالے سے کوئی بھی اقدام تینوں ممالک کے تعاون سے کیا جانا چاہیے۔ اس لیے کویت اور سعودی عرب کی جانب سے تعاون کی دستاویز کی شکل میں تازہ ترین کارروائی موجودہ طریقہ کار، سابقہ مذاکرات اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔خطیب زادہ نے استدلال کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی ایران نے منظوری نہیں دی اور اس سے گیس فیلڈ کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ایران اس مسئلے کے حل کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔علاوہ ازیں، ایران اور سعودی عرب کے مابین اختلافات عروج پر ہیں جس کی وجہ حالیہ ایران نواز حوثی باغیوں کا سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ ہے۔


