بیت لحم، اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے فلسطینی شہری کو قتل کردیا

بیت لحم (مانیٹرنگ ڈیسک) غرب اردن کے شہر بیت لحم کے جنوب میں واقع میں الدھیشہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایمن محیسن العبوینی نامی فلسطینی شہری گولی لگنے سے قتل ہو گیا۔ جمعرات کے روز اسرائیلی فوج اور سپیشل یونٹس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے کئی اطراف سے الدھیشہ کیمپ پر ہلہ بولا۔ قابض فوج کے کیمپ پر چڑھائی کے بعد دو بدو لڑائی شروع ہو گئی۔ حملہ آور اسرائیلی فوجیوں پر مقامی نوجوانوں نے پتھروں، شیشے کی خالی بوتلوں اور پٹرول بموں سے جوابی حملے کئے۔ اس موقع پر مقامی ساختہ دھماکہ مواد بھی استعمال کیا گیا۔اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے فلسطینی نوجوانوں پر براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس شیل فائر کئے۔ ایسی ہی کارروائی کے دوران ایمن محیسن العبوینی نامی فلسطینی شہری کو اشک آور گیس لگنے سے شدید زخم آئے۔ایمن حال ہی میں اسرائیلی قید سے رہا ہو کر آیا تھا۔ اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ شادی شدہ تھے اور ان کے پانچ بچے ہیں۔ ایمن کو آنسو گیس شیل سینے پر لگا۔ انہیں بیت جالا کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ کیمپ پر حملے کے دوران ہونے والی براہ راست فائرنگ میں چار دوسرے فلسطینی شہری بھی زخمی ہوئے، جبکہ دسیوں کو زہریلی اشک آور گیس سے دم گھٹنے کی شکایت بھی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں