منکی پاکس سے صحت کی ہنگامی صورتحال کا خطرہ نہیں، عالمی ادارہ صحت
نیویارک(انتخاب نیوز)عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ منکی پوکس کی وبا کے سبب فی الحال عالمی سطح پر صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کا خطرہ نہیں۔دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسیس نے کہاہے کہ وہ اس وبا سے متعلق گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا میں منکی پاکس کے پھیلاو کے حوالے سے شدید فکر مند ہوں، یہ واضح طور پر ایک ابھرتا ہوا خطرہ ہے جس کا ڈبلیو ایچ او سیکرٹریٹ میں میرے ساتھی اور میں بہت باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ڈبلیو ایچ او نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ اگرچہ کمیٹی میں اس حوالے سے مخلتف آرا پائی جاتی ہیں لیکن بالآخر اس بات پر مشترکہ طور پر اتفاق کیا گیا کہ اس مرحلے پر منکی پاکس کی وبا سے عالمی سطح پر صحت کی ہنگامی صورتحال کا خطرہ نہیں ہے۔فی الوقت عالمی سطح پر صحت کی ہنگامی صورتحال کا لیبل صرف کورونا وائرس کی وبا اور پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر لاگو ہوتا ہے، بین الاقوامی ماہرین کے اجلاس میں مشورے کے بعد عالمی ادارہ صحت اسے منکی پاکس کی وبا پر لاگو کرنے سے پیچھے ہٹ گیا۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران منکی پوکس کے 32 ہزار سے زائد تصدیق شدہ کیسز اور ایک موت کا کیس ان 48 ممالک میں سامنے آیا جہاں یہ عمومی طور پر نہیں پھیلا۔


