فرانس، اسکول میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 4 بچے، 2 افراد زخمی
پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے شہر ایننسی میں اسکول کے کمسن بچوں پر چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 4 بچوں اور دو نوجوانوں کو زخمی کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق زخمی بچوں میں دو بچوں کی عمر دو سال، ایک کی 22 ماہ جبکہ ایک بچہ تین سال کا ہے۔ چاقو حملے میں زخمی ہونے والے دو بچوں کی حالت نازک ہے، زخمی ہونے والا ایک بچہ برطانوی شہری ہے جس کی تصدیق برطانوی سیکرٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے کردی ہے۔ مقامی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایک بچہ ہالینڈ کا شہری ہے۔ یہ واقعہ لی پاکے پارک میں پیش آیا جہاں ایننسی جھیل اور پہاڑوں کی وجہ سے سیاحوں کا رش ہوتا ہے۔ ملزم کو جھیل کے کنارے پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے قابو کیا۔ چاقو حملے کا ملزم 31 سالہ شامی شہری ہے جسے 10 برس قبل سوئیڈن میں مہاجر کی حیثیت سے رہائش کی اجازت دی گئی تھی۔ ملزم نے حال ہی میں فرانس میں پناہ کیلئے درخواست دی تھی اور اس کی درخواست تاحال زیر التوا ہے۔ ملزم نے سوئیڈش خاتون سے شادی کی لیکن دونوں میں 8 ماہ پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، وہ تین سالہ بچے کا باپ ہے، ملزم پچھلے سال کے آخر میں فرانس آیا تھا۔