امریکہ کے مقابلے روس نے کورونا پر ’بہتر انداز میں قابو پا لیا ہے‘ولادیمیر پوتن
روس :روس کے صدر کا کہنا ہے کہ امریکہ کے مقابلے میں روس نے کورونا وائرس پر بہتر انداز سے قابو پایا ہے اور ان کا ملک کورونا وائرس کے وبا سے ہونے والے کم سے کم نقصانات سے ابھر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کورونا وائرس کا بحران سیاست کی نظر ہو گیا۔پوتن نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ’ہم بہتر انداز میں کام کر رہے ہیں اور کم سے کم نقصانات کے ساتھ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ابھر رہے ہیں لیکن (امریکہ) میں ایسا نہیں ہورہا ہے۔ امریکہ کے مقابلے میں روس کے وفاقی اور علاقائی سطح کے حکام نے اختلاف رائے کے بغیر ایک ٹیم کی طرح کام کیا ہے۔پوتن کا کہنا تھا ’میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ (روسی) حکومت یا علاقوں کے حکام میں سے کوئی یہ کہے کہ ہم حکومت یا صدر کی ہدایات کو نہیں مانیں گے۔‘528،964 تصدیق شدہ مریضوں کے ساتھ برازیل اور امریکہ کے بعد، روس تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اموات کی تعداد 6948 ہے جو امریکہ (115،000 اموات) سمیت دیگر بہت سے ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔تاہم اکثر ماہرین روسی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمارپر شبہات کا اظہار کرتے ہیں۔