غزہ پر اسرائیلی حملوں میں تیزی، درجنوں فلسطینی جاں بحق
غزہ(صباح نیوز)نئے سال 2024 کے آغاز پر اسرائیل نے غزہ پر حملے مزید تیز کر دیئے ہیں، جبکہ نئے سال کے موقع پر حماس نے بھی اسرائیل پر 20راکٹ فائر کئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں واقع المغازی اور البریج کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھر کے 10افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے غزہ شہر کے نواحی علاقے المغراقہ گاؤں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 6افراد جبکہ خان یونس میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے رات گئے مشرقی غزہ کے ضلع زیتون میں شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں مغازی کیمپ کے ایک گھر پر ڈرون بھی گرائے جس میں بچوں سمیت متعدد عام شہری زخمی ہوئے جبکہ نصیرت کے مہاجرین کیمپ میں ایک گھر پر کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل فورسز نے رات گئے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جہاں فورسز نے نابلس شہر اور جینن کیمپ سمیت کئی علاقوں میں کارروائیاں کیں۔دوسری جانب مزاحمت پسند تنظیم حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر20 راکٹ داغے ۔میزائل فائر ہوتے ہی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجنا شروع ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وسطی اور مغربی علاقوں پر راکٹ حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس نے ان حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔ دوسری جانب نئے سال کے آغاز پر رام اللہ میں فلسطینیوں نے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو یاد کرکے احتجاج کیا۔ فلسطینی شہریوں نے مقبوضہ مغربی کنارے پر رام اللہ میں ایک بڑا بینر تیار کیا جس میں غزہ میں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کی تصاویر لگائی گئی تھیں۔ اسرائیل کا اتحادی ملک امریکا غزہ میں جنگ کی شدت کم کرنے پرزور دے رہا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتنن یاہو کا کہنا ہے کہ جنگ اپنے عروج پر ہے اور جاری رہے گی۔ اسرائیل کو ایک مرتبہ پھر مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد کا کنٹرول سنبھالنا ہوگا۔


