ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین لندن میں جائیداد کا مقدمہ جیت گئے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی رائل کورٹ آف جسٹس کی اعلیٰ عدالت کورٹ آف اپیل نے پراپرٹی کیس میں ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کی اپیل منظورکرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اس طرح الطاف حسین پراپرٹیز کا مقدمہ جیت گئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ستمبر2019ءمیں برطانیہ کی ہائی کورٹ آف جسٹس کی بزنس اینڈ پراپرٹیز کورٹ میں جناب الطاف حسین اور ان کے رفقاءکے خلاف لندن کی جائیداد وں پر دعویٰ دائر کیاتھا۔بزنس اینڈ پراپرٹیز کورٹ کے I جج کلائیو جونز نے 13مارچ 2023ءکوایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دیا الطاف حسین کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف رائل کورٹ آف جسٹس کی کورٹ آف اپیل میں اپیل دائر کی گئی تھی۔ کورٹ آف اپیل کے لارڈ جسٹس مولن(Lord Justice Moylan) ، لارڈ جسٹس آرنلڈ (Lord Justice Arnold) اورلارڈ جسٹس نیوج (Lord Justice Nugee) پر مشتمل تین رکنی بینچ نے 23 اور24 اپریل 2024ءکودوروز تک اپیل کی سماعت کی تھی۔ کورٹ آف اپیل کی اعلیٰ عدالت نے آج الطاف حسین کی اپیل منظورکرلی ہے اور بزنس اینڈ پراپرٹیزکورٹ کے جج کلائیو جونزکے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کا فیصلہ ایم کیوایم کے بانی وقائد ب الطاف حسین اور ایم کیوایم ٹرسٹ کے دیگر اراکین کے حق میں دیدیا ہے۔ کورٹ آف اپیل نے اپنے فیصلے میں یہ بھی حکم دیا ہے کہ 31، اگست یکم ستمبر2016ءکو ایم کیوایم کے آئین میں کی جانے والی ترمیم کے جائز یاناجائزہونے کا تعین کرنے کا معاملہ ہائی کورٹ آف جسٹس میں واپس بھیجاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں