جرمن دنیاکی گیارویں بڑی مادری زبان ، طویل ترین جرمن لفظ اور دیگر حقائق
دنیا بھر میں ایک سو تیس ملین انسان مادری یا دوسری زبان کے طور پر جرمن بولتے ہیں۔ مختلف ممالک میں اس وقت جرمن زبان سیکھنے والوں کی مجموعی تعداد پندرہ ملین سے زائد ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ طویل ترین جرمن لفظ کون سا ہے؟
وسطی ایشیائی جمہوریہ قزاقستان کے ایک اسکول میں جرمن زبان کی کلاس کا ایک منظرجرمن زبان کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے الفاظ کے معنی اور گرامر بدلتے رہتے ہیں۔ دنیا کی دیگر بڑی زبانوں کی طرح جرمن زبان بولنے والوں میں بہت بڑی اکثریت ایسے انسانوں کی ہے، جن کی یہ مادری زبان ہے۔ لیکن دنیا بھر میں انسانوں کی بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے، جن کے لیے جرمن دوسری یعنی تعلیمی حوالے سے باقاعدہ سیکھی گئی زبان ہے۔
جرمن زبان جرمنی، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے علاوہ پورے لکسمبرگ اور اٹلی کے چند حصوں میں بھی بولی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ چیک جمہوریہ، ڈنمارک، بیلجیم، ہالینڈ اور فرانس کے کچھ علاقوں میں ایسی جرمن نسلی اقلیتیں بھی آباد ہیں، جن کی مادری زبان جرمن ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں مادری یا دوسری زبان کے طور پر جرمن بولنے والوں کی تعداد 130 ملین بنتی ہے۔ مختلف براعظموں میں ایسے انسان جنہوں نے زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی حد تک جرمن سیکھی، ان کی مجموعی تعداد 290 ملین کے قریب ہے۔