پنجابیو بیدار ہو جاؤ، لسی اور کلچہ چھوڑو،لاہور کے شیرو اٹھو‘ ایاز صادق
لاہورۛ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے استعفوں کا آپشن اختیار کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس بنارسی ٹھگ والے نظام کو نہ چلنے دینے کی قسم کھا لی ہے،موجودہ اسمبلیوں سے استعفے چھوٹی قربانی ہے،اس نظام کو گرانا ہی عوام کی اصل خدمت اور مسائل کا واحد حل ہے،13دسمبرفیصلے کادن ہے،فضل الرحمان کی جعلی پارلیمنٹ سے حلف نہ لینے کی بات ٹھیک تھی، پنجابیو بیدار ہو جاؤ، لسی اور کلچہ چھوڑو،لاہور کے شیرو اٹھو سب نے 13 دسمبر مینار پاکستان پہنچنا ہے،حکمرانوں نے جلسے کے خوف سے مینار پاکستان پر پانی چھوڑ دیا ہے،لاہور کا جلسہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا،ہم اس جھوٹی تبدیلی اور نام نہاد نئے پاکستان کو نہیں مانتے،ہم نے اس دھاندلی والے مسلط شدہ نظام کو گرانے کی قسم کھائی ہے۔ ان خیالا ت کااظہارمسلم لی گ(ن) کے رہنماؤں نے تیرہ دسمبر کے جلسے کیلئے عوامی رابطہ مہم کے تحت ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق،خواجہ سعدرفیق،خواجہ محمد آصف، شیخ روحیل اصغر،سائرہ افضل تارڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ نوازشریف نے فیصلہ کرلیا کہ حکمرانوں کا ظلم و جبر قبول نہیں،ملک دو قدم آگے جاتا ہے تو چار قدم پیچھے آ جاتا ہے،جمہوریت کو چلنے دیاجائے،قانون و انصاف ایک جیسا ہو،لوگوں کیلئے اشیا ئے ضروریہ سستی کی جائیں۔ وہ کہتا رہا مافیا سے ڈیل کروں گا لیکن مافیا تو حکومت کے اندر بیٹھے ہیں،حکومتی مافیا نے اٹھائیس مہینے میں ایک سو ستر ٹرین حادثات کر وائے،معیشت کا بیڑا غرق کر دیا،آٹا چینی مہنگی کر دی گئی،ہمارے دور میں دس روپے کا یونٹ رہا، عمران نیازی کہا تھاکہ بجلی کی قیمت بڑھے تو حکمران چور ہوتے ہیں خود بجلی کی قیمت دس روپے سے بڑھا کر ساڑھے اٹھارہ روپے کر دی ہے،نااہل حکمرانوں سے جان چھڑوائیں یا یہی رہیں فیصلہ عوام نے کرنا ہے،نوازشریف نے قدم اٹھادیا اب سب اپنا اپنا کام خود کریں،تمام ادارے اپنی حدود میں رہیں جنہوں نے کبھی یونین کونسل نظام نہیں دیکھا اس نے بلدیاتی نظام ہی بدل دیا،حکمران انتخابات کرانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے ان کے ساتھ کیا ہوناہے،تیرہ دسمبر کو جعلی حکومت کے جانے کیلئے آخری کیل ٹھونکا جائے گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ حکمران ووٹ چوری کر کے آئے ہیں،اگر یہ عوامی مسائل حل کرتے تو انہیں برداشت کیا جا سکتا تھا،ایک ووٹ چوری کرتے ہو اوپر سے سینہ زوری کرتے ہو،پوری دنیا میں پاکستان کو آپ نے تنہا کر دیا ہے،ملک میں جرائم اور غربت کی شرح بڑھ گئی ہے،آپ نے سیاسی مخالفین سے جیلیں بھر دیں آپ منتخب پارلیمان کو فیصلے نہیں کرنے دیتے،یہ اسمبلیاں عمران خان کے آمرانہ رویے کی وجہ سے اپنی اہمیت کھو چکی ہیں،عوام اس حکومت کا خاتمہ اور نئے شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس جھوٹی تبدیلی اور نام نہاد نئے پاکستان کو نہیں مانتے،پرانے پاکستان میں لوگوں کو روزگار ملتا تھا، ملک ترقی کر رہا تھا، میٹرو اور اورنج لائن ٹرینیں بنیں،یہ انصاف کے نام پر ٹھگ ہیں سب سے بڑا ٹھگ عمران خان ہے،اب کاروان جمہوریت چل پڑا ہے، 11 جماعتیں اب ایک پیج پر ہیں،اس ملک میں لوگوں کو حقوق دیں، ووٹ کو عزت دیں دو،ایک پاکستان کہنے والے تم نے کئی پاکستان بنا دیئے ہیں، پنجابیو بیدار ہو جاؤ، لسی اور کلچہ چھوڑو لاہور کے شیرو اٹھو سب نے 13 دسمبر مینار پاکستان پہنچنا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ 2012 میں میں نے عمران خان کو ڈبل شاہ کہا تو اس نے مجھ پر دعوی دائر کر دیا آج سارا پاکستان اسے ڈبل شاہ کہہ رہا ہے،مینار پاکستان پر جلسہ روکنے کے لئے مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے،ہم نے اس دھاندلی والے مسلط شدہ نظام کو گرانے کی قسم کھائی ہے، ملک بھر سے فراڈیئے اور ٹھگ اکٹھے کر کے ہم پر مسلط کئے گئے ہیں جو اسمبلی عوامی مسائل حل اور عوامی حقوق غصب ہونے سے نہیں روک رہی تو ایسی اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں،پی ٹی آئی والوں کو بھی اب پتہ چل گیا ہے کہ یہ اسمبلیاں اب چلنے والی نہیں،ہمیں چور دروازے سے آنے والے حکمران قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار نہیں چاہیے بلکہ وہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے،13 دسمبر کا جلسہ لاہوریوں کا امتحان ہے،عمران خان کی محبت صرف اپنی اے ٹی ایم سے ہے،اس نے تو کبھی جیب میں بٹوہ بھی نہیں رکھا،1970 میں انتخابات ہوئے تھے تو اس کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا گیا اور پاکستان ٹوٹ گیا تھا اب بھی وہی روش رہی تو خدانخواستہ آج بھی پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے،نواز شریف کی بیٹی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،نواز شریف کی عوام کے لئے قربانیوں کی لمبی داستان ہے،آج نواز شریف آپ کو بلا رہا ہے تاکہ 13 دسمبر کو آپ اپنا فیصلہ سنائیں،ہم ملک میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نظام چاہتے ہیں،عوام سے درخواست ہے 13 دسمبر کو فیصلے کے دن اپنا فیصلہ سنائیں۔شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ میں نے دھوتی پہنی ہے اس لئے بات پنجابی میں کروں گا،آپ سعد رفیق کے حلقے میں ہیں شیر بننا چاہیے،خان کے ترجمان سن لیں مریم میری بیٹی ہے اگر اس کے خلاف کسی نے بات کی تو بھرپور جواب دوں گا۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ میں خواجہ سعد رفیق کے ضمنی الیکشن میں آئی تھی اور یقین ہوگیا تھا الیکشن چوری ہوا،میں تیرہ دسمبر کے جلسے کی دعوت دینے آئی ہوں،ہم سب کو تیرہ دسمبر کو مینار پاکستان جانا ہے، جے ٹر کے وی جانا پے تے جانا اے لاہوریو،ہمیں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ڈر کر گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا ہے۔


